ایران ،برطانوی میاں بیوی کی گرفتاری پر اہلخانہ کا اظہار تشویش، حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:08

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)ایران میں برطانوی جوڑے کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیاجسے ہفتہ کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔غیرملکی میڈیاکے مطابق خاندان کی طرف سے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت رہائی کے لیے اقدامات کرے۔لنڈسے اور کریگ فورمین دونوں کی عمر 52سال ہے جنہیں ایران میں ماہ جنوری کے دوران حکام نے روک لیا تھا۔

یہ دونوں کیرمان سے گزر رہے تھے جو وسطی ایران کا علاقہ ہے۔ دونوں بائیک سوار ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ وہ بائیک پر سوار ہو کر دنیا کا چکر لگا رہے ہیں۔ایران نے ان دونوں گرفتار کیے گئے برطانوی شہریوں کو تہران شہر کے نزدیک الگ الگ جیلوں میں رکھا ہے۔ایرانی حکام کا موقف ہے کہ یہ دونوں جاسوسی کے لیے ایران آئے تھے۔

(جاری ہے)

گرفتار کیے گئے ان شہریوں کے اہلخانہ نے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کرے۔

نیز خاندان نے اس امر کا بھی انکار کیا ہے کہ انہوں نے ان کی گرفتاری کے معاملے کو چھپائے رکھا۔انہوں نے برطانوی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ دونوں برطانوی شہریوں کی صحت اور علاج معالجے کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے وزیر خارجہ سے بھی فوری ملاقات کی درخواست کی ہے تاکہ وہ اپنے مطالبات ان کے سامنے اچھی طرح رکھ سکیں۔تاہم برطانوی وزارت خارجہ نے بھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔