عقیدتِ رسول جرم بن گیا، آئی لو محمد ﷺ کہنے پر مسلمانوں پر پولیس کا تشدد

ہفتہ 27 ستمبر 2025 14:58

عقیدتِ رسول جرم بن گیا، آئی لو محمد ﷺ کہنے پر مسلمانوں پر پولیس کا تشدد
کان پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)بھارت میں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت کے اظہار کو جرم بنا دیا گیا اور آئی لو محمد ﷺ کہنا مسلمانوں کے لیے مشکل بنا دیا گیا ہے۔ریاست اترپردیش کے مختلف شہروں میں پولیس نے جلوسوں اور ریلیوں پر دھاوا بول دیا، درجنوں مسلمانوں کو گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور میں 12 ربیع الاول کے جلوس کے دوران مسلمانوں نے آئی لو محمد ﷺ کا بینر آویزاں کیا۔

اس پر انتہاپسند ہندو بھڑک اٹھے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی، جبکہ پولیس نے الٹا کئی دن بعد 20 مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج کر دیا۔اس اقدام پر بھارت بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ رائے بریلی میں اعلی حضرت درگاہ اور اتحاد ملت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان کی رہائش گاہ کے باہر آئی لو محمد ﷺ ریلی نکالی گئی جسے روکنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ادھر بھوپال، ممبئی اور دیگر شہروں میں بھی مسلمانوں نے عقیدتِ رسول ﷺ کے اظہار کے لیے جلوس نکالے جن میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ ان مظاہروں نے بھارت میں مذہبی آزادی اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی ریاستی سختیوں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔