یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِاہتمام تھیلیسیمیاکے مریضوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور بلڈ ڈونیشن سوسائٹی کے زیراہتمام تھیلیسیمیا کے مریضوں کی مدد اور رضاکارانہ خدمات کے فروغ کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹرعرفان شہزاد، چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) اشتیاق احمد اور ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم ڈاکٹر منیر گجر بھی موجود تھے۔

بلڈ ڈونیشن کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے کہا کہ اس نوعیت کی فلاحی سرگرمیاں طلبہ میں سماجی ذُمہ داری کےاحساس کو اُجاگر کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ کمیونٹی سروس میں شمولیت نوجوانوں کو سماجی شعور اور ہمدردی سے آراستہ شہری بنانے میں کلیدی کردارادا کرتی ہے۔ ڈاکٹر محمودالحسن نے رضا کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔ اُنہوں نے خون کے عطیہ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے جان لیوا امراض میں مبتلامریضوں کو نئی زندگی کی اُمید ملتی ہے۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں یونیورسٹی کے طلبہ اور اُساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور خون عطیہ کیا تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :