وزیراعلیٰ سندھ سید کے معاون خصوصی کا سہون شریف میں پبلک ہیلتھ کے مختلف اسکیموں پر جاری کام اور محکمے کے دیگر امور کا جائزہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 18:37

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید کے معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ نے صوبائی سیکریٹری پبلک ہیلتھ سہیل احمد قریشی اور ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کے ہمراہ سہون شریف پہنچ کر پبلک ہیلتھ کے مختلف سکیموں پر جاری کام اور محکمے کے دیگر امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو پبلک ہیلتھ کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام تک ان اسکیموں کا فائدہ پہنچایا جاسکے۔

اس موقع پر معاون خصوصی نے آراضی واٹر سپلائی میگا اسکیم ، بختیارپور آر او پلان کی مرمت سمیت دیگر زیر مرمت اسکیموں کے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں نے انہیں یقین دلایا کے آراضی میگا واٹر سپلائی اسکیم اکتوبر کے آخر تک مکمل کرکے فعال کی جائیگی جبکہ دیگر مرمت کاموں کو بھی جلد از جلد نمٹانے کے لیے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ،معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ نے سید عبداللہ شاہ انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال میں متعلقہ افسران سے اجلاس کرکے انہیں پورے ضلعی میں پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے تحت جاری واٹر سپلائی اسکیموں کو فعال بنانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔ اجلاس میں محکمہ پبلک ہیلتھ کے صوبائی اے ڈی پی اسکیموں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سیدعبداللہ شاہ انسٹیٹوٹ ڈاکٹر معین الدین صدیقی ، ایکسئن پبلک ہیلتھ جامشورو فیصل آفتاب میمن، اسسٹنٹ کمشنر سہون وقاص ملوک خٹک اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔