ایچ ای سی نے فاٹا یونیورسٹی میں ماسٹرآف فلاسفی ،جیالوجی، انگلش اور ڈاکٹر آف فلاسفی انگلش کی منظوری دے دی

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:54

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں واقع فاٹا یونیورسٹی میں بیک وقت تین نئے پروگرام ماسٹرآف فلاسفی (ایم فل) جیالوجی، انگلش اور ڈاکٹر آف فلاسفی( پی ایچ ڈی) انگلش کی منظوری دے دی-اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اسلام آباد نے گزشتہ روز تین الگ الگ اعلامئے جاری کرکے فاٹا یونیورسٹی کو بیک وقت تین نئے پروگرامز شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی جس کے آغاز کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں ایک نیا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ان پروگرامز میں ایم فل جیالوجی، ایم فل انگلش اور پی ایچ ڈی انگلش شامل ہیں۔ ان پروگرامز سے فاٹا یونیورسٹی کے طلبہ کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر فاٹا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے جیالوجی اور انگلش ڈیپارٹمنٹ کی فیکلٹی سمیت پوری فاٹا یونیورسٹی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی سب کیلئے باعث فخر ہے۔

ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کا آغاز فاٹا یونیورسٹی کو اعلیٰ تحقیق اور عالمی معیار کی تعلیم کے ایک نئے دور میں داخل کرے گاجس سے ضم شدہ اضلاع کے طلبہ کے خوابوں کو حقیقت کا روپ ملے گا۔یادرہے کہ 2103میں کوہاٹ کے نیم قبائلی علاقہ درہ آدم خیل میں قائم اس جامعہ کو قبائلی اضلاع کی یکساں نمائندگی کے طورپر فاٹا یونیورسٹی کا نام دیا گیا تاہم کسی سال گزرنے کے باوجود سابقہ فاٹا کی حیثیت ختم کرنے کے بعدبھی یہ واحد ادارہ ہے جس کا نام اب تک فاٹا کے نام سے موسوم ہے۔

متعلقہ عنوان :