راولپنڈی ، گھریلو جھگڑے میں بیوی کو چھری کے وار سے شدید زخمی کرنے والاشخص گرفتار

جمعہ 26 ستمبر 2025 13:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) راولپنڈی کے تھانہ بنی کی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو روز قبل گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی اہلیہ کو چھری کے وار سے شدید زخمی کرنے والا شخص گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد جدید تفتیشی ذرائع اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد، ہراسانی یا زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ گرفتار ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اسے جلد چالان سمیت عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر سطح پر فعال اور مستعد ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔