فیصل آباد ،کپاس کے کاشتکاروں کو مزید 15 روز تک پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو 50فیصد ٹینڈے کھلنے پر چنائی اور مزید 15 روز تک پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چونکہ موسم کی تبدیلی اور ماحولیاتی تغیرا ت کے باعث رات کے اوقات میں نمی کا سلسلہ شروع ہو گیاہے اس لئے کاشتکار علی الصبح کپاس کی چنائی سے گریز کریں۔

انہوں نے کہاکہ کپاس کی چنائی کا عمل صبح 11 بجے کے قریب شروع کیاجائے تاکہ کپاس میں نمی برقرار نہ رہ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس طرح حاصل کردہ روئی کی برآمد سے عالمی منڈی میں بہترین نرخ حاصل ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کاشتکار کپاس کی اگیتی اور پچھیتی کاشتہ فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل بھی مزید 15 سے 20 روز تک جاری رکھیں کیونکہ موجود ہ موسمی حالات کے باعث فصل پر پیسٹ کا پریشر بڑھ رہاہے تاہم 15 اکتوبر کے بعد موسم سرما کے آغاز کے باعث پیسٹ کاپریشر کم ہونے سے پیسٹ سکاؤٹنگ کی ضرورت نہیں رہتی ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی یامشاورت کےلئے محکمہ زراعت توسیع اور پیسٹ سکاؤٹنگ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے فیلڈ سٹاف سے بھی معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :