ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ میں آن لائن فیس جمع کروانے کا جدید نظام فعال

جمعہ 26 ستمبر 2025 17:27

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد و کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی خصوصی ہدایات اور طلبہ و والدین کو درپیش مسائل کے ازالے کے لیے بورڈ میں آن لائن فیس جمع کرانے کا جدید نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ماضی میں طلبہ و والدین کو فیس جمع کرانے کے لیے ایبٹ آباد بورڈ یا قریبی بینک برانچز کے چکر لگانے پڑتے تھے جس سے وقت اور پیسوں کا ضیاع ہوتا تھا، تاہم اب ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کے تحت یہ سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس نظام کے تحت طلبہ اپنی فیس آن لائن ایڈمیشن فارم جمع کرتے وقت ہی جاز کیش، ایزی پیسہ یا بینک اکاؤنٹس کے ذریعے آسانی سے ادا کر سکیں گے، جس کے ساتھ ہی آٹو ویری فکیشن بھی ہو جائے گی۔چیئرمین بورڈ فیاض علی شاہ نے کہا کہ طلبہ و والدین کو جدید سہولیات سے ہمکنار کرنا اولین ترجیح ہے، تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے امتحانات میں شریک ہو سکیں۔ انہوں نےکہا کہ اس سسٹم کے آغاز کے بعد بورڈ کے دیگر معاملات کو بھی بتدریج آن لائن کر دیا جائے گا، تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :