وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے سیرت چیئر کے زیر اہتمام نمائش کتب سیرت النبیؐ کا افتتاح کر دیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:12

بہاولپو ر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے سیرت چیئر کے زیر اہتمام نمائش کتب سیرت النبیؐ از قومی و بین الاقوامی سیرت نگاران کا سر صادق محمد خاں لائبریری میں افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ سیرت النبیؐ کا ایسا خوبصورت ،بےمثال ، مقدس ذخیرہ امت مسلمہ کے پاس موجود ہے جو کہ بڑی سعادت کی بات ہے، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ عملی زندگی کو اس سےخوب مزین و منور کیا جائے ،بلاشبہ عصر حاضر کے مسائل کا حل صرف نبی کریمؐ کی اطاعت و فرمانبرداری میں پنہاں ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے کہا کہ سیرت چیئر کی خدمات طلبہ و اساتذہ کرام کے لیے مثالی ہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسرڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک سٹڈیز نے فیکلٹی کےاساتذہ کرام اور طلبہ کی بھر پور شرکت کا شکریہ ادا کیا۔ڈائریکٹر سیرت چیئر پروفیسرڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے سیرت النبیؐ سے متعلق مختلف اہم کتب اور تحقیقی مقالات کا مختصر تعارف پیش کیا۔

چیف لائبریرین سر صادق محمد خاں لائبریری ڈاکٹر عرفان حسین طاہر نے کہا کہ ہمارے لیے سعادت کی بات ہے کہ اس طرح کے خوبصورت پروگرام کے انعقاد کا موقع ملا۔ اس موقع پرڈاکٹر ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزاد احمد خالد، سیکرٹری برائے وائس چانسلرڈاکٹر محمد خالد شیخ ، چیئرمین شعبہ حدیث ڈاکٹر غلام حیدر مگھرانہ، ایسوسی ایٹ پروفیسرشعبہ عربی ڈاکٹرمحمد اکرم ازہری، انچارج شعبہ ٹرانسلیشن سٹڈیز ڈاکٹر حافظ عزیز الرحمن اورمختلف شعبوں کے اساتذہ اور طلبہ کرام کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

ڈاکٹر محمد سعیدشیخ چیئرمین شعبہ فقہ اینڈ شریعہ نے حجم میں سب سے چھوٹی اور معلومات میں باکمال کتاب آخری نبیؐ کا ہدیہ سیرت چیئر کے لیے پیش کیا ۔اس نمائش میں سیرت النبیؐ پر مشتمل اردو، عربی اور انگلش کتب کا اہم ذخیرہ پیش کیا گیا جو کہ اخلاق ، معیشت ،معاشرت، سیاست اورعصر حاضر کے مختلف چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق تھا۔آخر میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک سٹڈیز نے چیف لائبریرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس نمائش کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا اور ڈائریکٹر سیرت چیئر نے سیرت کے کام کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی نیک خواہشات کا خیر مقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :