ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی زرعی اجناس کی نیلامی کے موقع پر مارکیٹ کمیٹیوں کے سیکرٹریز کو موقع پر موجود رہنے کی ہدایت

پیر 29 ستمبر 2025 14:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن(ر)ندیم ناصر نے زرعی اجناس کی نیلامی کے موقع پر مارکیٹ کمیٹیوں کے سیکرٹریز کو موقع پر موجود رہنے اور اپنے دستخطوں کے ساتھ ریٹ لسٹ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر پھلوں اور سبزیوں کے موزوں نرخ متعین کرکے ریٹ لسٹیں واضح جگہوں پر آویزاں کروائی جاسکیں اور ناجائز منافع خوری کی سختی سے حوصلہ شکنی بھی یقینی بنائی جاسکے۔

فیصل آباد ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ بعض زرعی منڈیوں میں زرعی اجناس کی نیلامی کے دوران مارکیٹ کمیٹیوں کے سیکرٹریزکے موجود نہ ہونے اورپرائس کنٹرول کمیٹی کے مقررہ ریٹس سے زائد نرخوں کے ساتھ ریٹ لسٹ جاری ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو سبزیوں اور پھلوں کے اضافی نرخ ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سیکرٹریز مارکیٹ کمیٹی نیلامی کی کارروائی کو اپنی موجودگی میں مکمل طور پر مانیٹر کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ بھی نیلامی کی کارروائی کو چیک کرنے کیلئے زرعی منڈیوں کا باقاعدگی سے دورہ کریں اورڈپٹی کمشنر و ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ کو رپورٹ ارسال کریں۔انہوں نے کہاکہ مارکیٹ کمیٹیوں کے معاملات اور سرگرمیوں کے معائنہ کیلئے اچانک دورے کئے جائیں گے تاکہ صارفین کو سبزیاں اور پھل سستے نرخوں پر مہیا ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :