جدہ معیار زندگی کے لحاظ سے عرب دنیا کا دوسرا بہترین شہر قرار

منگل 30 ستمبر 2025 09:50

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) سعودی عرب کے شہر جدہ کو 2025 کے معیارِ زندگی انڈیکس میں دنیا کے بہترین شہروں میں 74 واں جبکہ عرب ممالک میں دوسرا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جدہ سعودی عرب کا سب سے ہائی رینکنگ شہر جبکہ عمانی دارالحکومت مسقط کے بعد عرب دنیا کا دوسرا بہترین شہر ہے۔اس کامیابی کی بڑی وجہ تحفظ ، صحت کی سہولیات ، انفراسٹرکچر کی ترقی اور جدید عوامی سہولیات کی فراہمی ہے جو مقامی رہائشیوں اور باہر سے آنے والوں کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔

نمبیو ڈیٹا کمپنی کے اعدد وشمار سے لوگوں کو شہروں کے بارے میں معلومات کو دیکھنے، شیئر کرنے اور موازنہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔جدہ میونسپلٹی نے وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کی سرپرستی میں مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے اندر معیار زندگی کے پروگرام کے مطابق تاریخی منصوبے مکمل کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں سے معیار زندگی کی سہولیات میں بہتری آئی اور تفریحی مقامات میں اضافہ ہوا۔

سب سے نمایاں منصوبوں میں ساحل سمندر( کورنیش ) کی ترقی ہے جس میں پانچ واٹر فرنٹ شامل ہیں۔ واکنگ ٹریک، سائیکلنگ پاتھ، بپلک سکوائر، چلڈرن پلے ایریاز اور آرٹسٹک مجسمے شامل ہیں جو سمندر کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بناتے ہیں۔واٹر فرنٹ کے ساتھ ریستوران، کیفے، ریسٹ ایریاز اور ساحل کو قریب سے دیکھنے کے لئے سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔میونسپلٹی نے جدہ کے مختلف علاقوں میں 445 پارکس تعمیر کئے جن میں’’السجی‘‘ پارک شامل ہے اس کے علاوہ ’’امیرماجد پارک‘‘ جو ایک لاکھ 30 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے جہاں بچوں اور بڑوں کی تفریح کے لئے انتظامات موجود ہیں۔