کانگو کی فوجی عدالت نے سابق صدر جوزف کابیلا کو غداری کے جرم میں موت کی سزا سنا دی

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:20

کنشاسا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) کانگو کی فوجی عدالت نے سابق صدر جوزف کابیلا کو غداری کے جرم میں موت کی سزا سنا دی۔ اے ایف پی کے مطابق 54 سالہ جوزف کابیلا کو یہ سزا ان کی غیر موجودگی میں سنائی گئی ۔یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ اس وقت کہاں ہیں۔ ان پر حکومت مخالف مسلح گروپ ایم ۔23 کے ساتھ روابط کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

مقدمے کی سماعت کے دوران بطور سینیٹر ان کا تاحیات پارلیمانی استثنا مئی کے آخر میں ختم کر دیا گیا تھا جبکہ ملک میں سزائے موت دینے پر عائد پابندی بھی گزشتہ سال اٹھا لی گئی تھی لیکن اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا ہے ۔

ملٹری پراسیکیوٹر جنرل نے جوزف کابیلا پر صدر فیلکس شیسی کیڈی کا تختہ الٹنے کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام لگایا، ان پر قتل، تشدد اور عصمت دری کے الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں۔ جوزف کابیلااپنے والد لارینٹ ڈیزائر کابیلا کے قتل کے بعد 2001 اور 2019 کے درمیان کانگو کے صدر رہے ۔ جوزف کابیلا ہائی ملٹری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔