دبئی میں گیارہواں ورلڈ گرین اکانومی سمٹ شروع، عالمی ماہرین اور رہنماؤں کی شرکت

بدھ 1 اکتوبر 2025 12:09

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں گیارہواں ورلڈ گرین اکانومی سمٹ (ڈبلیو جی ای ایس ) دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں شروع ہو گیا۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اس سال کے اجلاس کا موضوع’’جدت برائے اثر: سبز معیشت کے مستقبل کی رفتار تیز کرنا‘‘ ہے، جو دبئی کے اس عالمی کردار کو اجاگر کرتا ہے جس کے تحت وہ ماحولیاتی اقدامات اور کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ اجلاس دبئی سپریم کونسل آف انرجی، دبئی الیکٹرسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (ڈیوا) اور ورلڈ گرین اکانومی آرگنائزیشن کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر 16 مقامی، علاقائی اور عالمی ادارے سرپرست و معاون کے طور پر شامل ہیں۔اس موقع پر دبئی سپریم کونسل آف انرجی کے نائب صدر، ڈیوا کے منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او اور ورلڈ گرین اکانومی آرگنائزیشن کے چیئرمین سعید محمد الطایر نے کہاکہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں یہ اجلاس ایک نمایاں عالمی پلیٹ فارم کے طور پر اپنی اہمیت ثابت کر رہا ہے۔

اس سمٹ کی سرپرستی میں عالمی اداروں کی بڑھتی دلچسپی اس کے مقاصد اور مشن پر عالمی برادری کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ ہم صاف توانائی، سبز مالیات، ماحولیاتی انصاف اور نوجوانوں کے کردار کو فروغ دے کر ایک پائیدار مستقبل کی سمت بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم عوامی و نجی شعبے کے مابین شراکت داری کو مضبوط بنانے اور جدت کو بروئے کار لا کر عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس سال کے اجلاس میں دنیا بھر سے رہنما فیصلہ ساز، ماہرین اور ماحولیاتی ماہرین شریک ہوں گے۔ ایجنڈا سات اہم ستونوں پر مبنی ہو گا جس میں ٹیکنالوجی و اختراع، صاف اور قابل تجدید توانائی، پالیسی و ضابطہ کاری، مالیات، ماحولیاتی انصاف، موسمیاتی لچک و موافقت، اور نوجوانوں کا کردار شامل ہے۔اجلاس کے سرپرست اداروں میں ایمریٹس نیشنل آئل کمپنی (ENOC)، ڈریگن آئل، ایمریٹس این بی ڈی، دوبال ہولڈنگ، نیشنل بانڈز، دبئی گرین فنڈ، الاتحاد انرجی سروسز (اتحاد ایسکو)، مورو ہب، دبئی میڈیا، فوربز مڈل ایسٹ، سی این بی سی عربیہ، عربین ریڈیو نیٹ ورک (ARN)، AGMC، اور یو ایس-یو اے ای بزنس کونسل شامل ہیں۔ \932