کسی بھی بیرونی جارحیت کاجواب دینے کے لیے تیار ہیں ،وینزویلا

عوام اور فوج کو ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا، وزیرداخلہ دیوسدادو کابیو

بدھ 1 اکتوبر 2025 23:34

کراکس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)وینزویلا نے کہا ہے کہ ملک ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور وینزویلا کے عوام اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے متحد ہیں۔چینی میڈیاکے مطابق وینزویلا کے وزیرداخلہ دیوسدادو کابیو نے شمالی ریاست یاراکوی میں سکیو رٹی فورسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی ممکنہ حملے کے لیے تیار ہیں۔

وینزویلا ایک تاریخی مجاہد قوم ہے۔عوام اور فوج کو ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ عوامی سروے کے مطابق 97 فیصد شہری ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی پر تشدد کارروائی کی مخالفت کرتے ہیں، جو قومی یکجہتی کا مظہر ہے۔انہوں نے ہر امن سیکٹر میں کمیونٹی ملیشیا یونٹس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان یونٹس کی بنیادی ذمہ داری عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی حملے کی صورت میں مقامی آبادی کو منظم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ادھر امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،امریکی بحریہ کی جانب سے وینزویلا کے ساحلی پانیوں کے قریب جنگی بحری جہازوں کی تعیناتی نے خطے میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ امریکا اس تعیناتی کو منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی قرار دے رہا ہے، تاہم وینزویلا نے اسے براہ راست جارحیت کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔