بیلاروس کی پہلی بین الاقوامی صنعتی نمائش میں 24 ممالک سے 14 ہزار غیر ملکیوں کی شرکت

جمعرات 2 اکتوبر 2025 11:00

منسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں پہلی بار منعقد ہونے والی بین الاقوامی صنعتی نمائش ’’اینواپروم۔ بیلاروس‘‘ میں تین روز کے دوران 24 ممالک سے 14 ہزار سے زائد غیر ملکیوں نے شرکت کی۔بیلاروسی خبررساں ادارے نے نمائش منتظمین کے حوالے سے بتایا کہ نمائش میں روس، بیلاروس، ازبکستان، قازقستان اور کرغیزستان کی 520 کمپنیوں نے حصہ لیا، یہ ایونٹ منسک انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر ’’بِل ایکسپو‘‘ میں 20 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا تھا جس میں روس کے 73 علاقوں نے شرکت کی اور ان میں سے 23 نے اپنے علیحدہ اسٹال قائم کیے۔

نمائش کے پہلے روز مرکزی سیشن "نئی ٹیکنالوجیز کا اتحاد: مستقبل کی صنعت کی تشکیل" کے عنوان سے منعقد ہوا جس میں بیلاروس، روس، قازقستان، ازبکستان، تاجکستان، آذربائیجان اور کرغزستان کے وزرائے اعظم کے علاوہ ایران اور کیوبا کے وزرائے صنعت نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

منتظمین کے مطابق شرکا نے بین العلاقائی تعاون کے امکانات کی نشاندہی کی۔ مباحثے میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور ڈرون سسٹمز، برآمدات کی لچک اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مالیاتی ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبے میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری جیسے موضوعات کو نمایاں کیا گیا جسے "اینواپروم یونیورسٹی" کے روایتی فارمیٹ کے تحت آگے بڑھایا گیا۔