اسرائیل کی طرف سے غزہ فلوٹیلا کو روکنے کے بعد کولمبیا کا اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ معطل ، اسرائیلی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان

جمعرات 2 اکتوبر 2025 13:16

بگوٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے اسرائیلی بحریہ کی جانب سے غزہ کے فلوٹیلا کو روکنے کے بعد ملک میں موجود تمام اسرائیلی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے اور اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق صدر گسٹاو پیٹرو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بحریہ کی طرف سے پکڑی جانے والی کشتیوں پر کولمبیا کے دو شہری بھی سوار ہیں، بیان میں دونوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کولمبیا کے صدر کی طرف سے ایکس پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ کولمبیا کےعوام فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں میں مصروف تھے، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ بھی معطل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ غزہ کے لئے امداد لے کر سپین سے روانہ ہونے والے اس فلوٹیلا میں 40 سے زائد ممالک کے شہری شامل تھے، جن میں سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف مہم کی علمبردار گریٹا تھونبرگ بھی شامل تھیں جن کو اسرائیل کی جانب سے کئی کشتیوں کو روکنے کے بعد حراست میں لے لیا گیا تھا۔ غزہ فلوٹیلا کو روکنے کے اسرائیلی اقدام کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی ہے اور اس پر کئی ممالک میں اسرائیل کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا ہے۔