پتوں کا جراثیمی جھلسائو دھان کی نہایت خطرناک بیماری ہے ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:00

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ پتوں کا جراثیمی جھلسائو دھان کی نہایت خطرناک بیماری ہے ،یہ بیماری ایک جرثومہ یا بیکٹیریا کی وجہ سے پھیلتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کسانوں کے ایک وفد سے آگاہی برائے دھان کے سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جراثیمی جھلسائو کی علامات میں کھیت میں موجود پودے پتوں کی نوکوں سے خشک ہو کر اندر کی طرف مڑ جاتے ہیں اور دور سے کھیت میں جلے ہوئے پودے نظر آتے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ بیماری عموماً ٹکڑیوں کی صورت میں کھیت میں پھیلتی ہے ،اس بیماری کی تصدیق کے لیے اگر اپ بیمار پودے کے پتے کو کاٹ کر شیشے کے گلاس میں صاف پانی کے اندر ڈبوئیں تو اپ کو اس میں سے ہلکے پیلے رنگ کا مادہ نکلتا ہوا نظر آئے گا، جراثیمی جھلسائوکی بیماری کے کنٹرول کے لیے روایتی پھپھوندی کش زہریں موثر نہیں ہیں، اس بیماری کے کنٹرول کے لیے مخصوص جراثیم کش زہروں کا استعمال محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملہ کے مشورہ سے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ کاپر آکسی کلورائڈ 500 گرام فی ایکڑ، کسوگا مائی سین(کاسومن) 600 ملی لیٹر فی ایکڑ، ٹیٹرامائی سین (رینڈر 300 )ملی لیٹر فی ایکڑ، بنزیو تھائیوزائلین(رائل فائٹر200 )ملی لیٹر فی ایکڑ، کاپر آکسی کلورائیڈ+کاپر ہائیڈرو آکسائیڈ(آئیرون360 )ملی لیٹر فی ایکڑ،سٹرپٹو مائی سین سلفیٹ(فلئیر 200 )گرام فی ایکڑ یا کاپر آکسی کلورائڈ+کسوگا مائی سین 250 گرام فی ایکڑ اسپرے کریں، ان زہروں یا ان کے مکسچر کا استعمال بہترین رزلٹ دے سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیماری کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے کاپر آکسی کلورائڈ 500 گرام کے ساتھ ٹیٹرا مائی سین 150 ملی لیٹر یا کسوگا مائی سین 300 ملی لیٹر یا بینزیو تھائیوزائلین150 ملی لیٹر یا سٹرپٹو مائی سین سلفیٹ 100 گرام فی ایکڑ مکس کر کے سپرے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ اس ضمن میں گزارش ہے کہ اس سپرے کے ساتھ این پی کے، امائنو ایسڈ یا پوٹاش وغیرہ کو مکس کر کے سپرے نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :