وادی کاغان میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے اعلیٰ سطحی مشاورتی ورکشاپ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 22:20

ناران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) وادی کاغان میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ماسٹر پلان کی تیاری کے لیے اعلیٰ سطحی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا،کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام وادی کاغان میں پائیدار سیاحت کے فروغ،انفراسٹرکچر کی بہتری اور سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹورازم ماسٹر پلان کی تیاری کا عمل جاری ہے،اس سلسلے میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اربن پالیسی یونٹ کے اشتراک سے نارا ن میں ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران،ماہرین،ہوٹلز ایسوسی ایشن،جیپ ایسوسی ایشن کے عہدیداران،مقامی سیاسی و سماجی عمائدین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی،شرکاء نے وادی میں سیاحت کے فروغ،ماحولیاتی تحفظ اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت سے متعلق اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں،اس موقع پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شیر خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشاورتی ورکشاپ کا مقصد وادی کی سیاحتی ترقی کے لیے ایک مربوط ماسٹر پلان کی تشکیل ہے جس میں مقامی اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعہ وادی کے قدرتی حسن کا تحفظ،ماحولیاتی آلودگی سے پاک ماحول کا قیام اور سیاحوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں،ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ مستقبل کی بڑھتی ہوئی سیاحتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا جو دیرپا،ماحول دوست اور مقامی کمیونٹی کے لیے فائدہ مند ہو،ورکشاپ کے دوران مقامی عمائدین،ہوٹلز اور جیپ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف سیاحوں کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔