سویڈن کا بالٹک سمندر میں سیکیورٹی بڑھانے کا اعلان

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:35

اسٹاک ہوم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) سویڈن نے بالٹک سمندر میں سیکیورٹی بڑھانے کے لیے نئے اقدامات تجویز کیے ہیں جن میں کوسٹ گارڈ کے لیے میری ٹائم نگرانی کے دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق قانون سازی بھی شامل ہے۔ یہ اعلان جمعے کے روز سویڈش وزارتِ دفاع کی جانب سے کیا گیا۔بالٹک خطہ روس کے یوکرین پر 2022 کے حملے کے بعد سے کشیدگی کا شکار ہے، جہاں حالیہ برسوں میں زیرِ سمندر کیبلز اور گیس پائپ لائنز کو نقصان پہنچنے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ڈرون کی پروازوں اور فضائی حدود کی خلاف ورزیوں نے بھی علاقائی سلامتی کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ سویڈن کے وزیر برائے سول ڈیفنس کارل اوسکر بولن نے کہا کہ ہم نے یہ بیرونی صورتحال خود نہیں چنی، لیکن ہمیں اس حقیقت سے نمٹنا ہوگا جس کا ہمیں سامنا ہے۔ ادھر نیٹو، جس کا سویڈن بھی رکن ہے، نے ہفتے کو اعلان کیا کہ وہ بالٹک سمندر میں اپنے مشن کو اپ گریڈ کر رہا ہے، جس میں ایک ایئر ڈیفنس فریگیٹ اور دیگر وسائل کی تعیناتی شامل ہوگی۔ یہ فیصلہ ڈنمارک میں ڈرون کی دراندازیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔