شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 15:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی شہر کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے لئے متحرک ہے۔

شہر بھر کے پارکوں، گرین بیلٹس اور اہم مقامات پر پھولوں اور پودوں کی سجاوٹ، تزئین و آرائش اور نگہداشت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملہ نہ صرف پارکوں اور شاہراہوں کی گرین بیلٹس بلکہ چوک و چوراہوں کی بیوٹیفیکیشن پر بھی دن رات مصروف عمل ہے۔ پی ایچ اے کی نرسریز میں پودوں اور پھولوں کی دیکھ بھال کا کام بھی باقاعدگی سے انجام دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف پارکوں اور گرین بیلٹس پر لگے پھول اور سبزہ عوام کی توجہ کا مرکز ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر پارکوں میں بہترین سکیورٹی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو سرسبز و شاداب بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے شجرکاری مہم بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق راولپنڈی میں اپ گریڈیشن اور بیوٹیفیکیشن کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جن سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ شہریوں کو ایک صحت مند اور خوشگوار تفریحی ماحول بھی میسر آئے گا۔

متعلقہ عنوان :