بولان ،ضلع کچھی میں ترقیاتی منصوبے تعلیم ، صحت سمیت ہر شعبے میں بہتری لانے کا ذریعہ ثابت ہوں گے، ڈپٹی کمشنر

اتوار 5 اکتوبر 2025 13:10

بولان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع کچھی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ منصوبوں کی براہِ راست نگرانی ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کر رہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے پہلے مرحلے میں ضلع بھر کے 50 اسکولز اور 10 بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) سمیت متعدد تعلیمی اداروں کی سولرائزیشن، مرمت و تزئین و آرائش شامل ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اہم شاہراہوں پر قائم پلوں اور سرکاری دفاتر کی بحالی پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کچھی کے مطابق اس منصوبے کے تحت مچھ پل، دوپاسی پل، سنی پل، پیر تیار غازی پل اور مٹھڑی پل کی مرمت و بحالی کی جائے گی تاکہ عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور ضلع میں رابطہ کاری کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیے جا رہے ہیں۔

ان کے بقول، "حکومت کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، اور یہ منصوبے تعلیم، صحت، رابطہ کاری اور روزمرہ زندگی میں بہتری لانے کا ذریعہ ثابت ہوں گے ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع کچھی میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز متوقع ہے، جو مقامی آبادی کے لیے بہتر مواقع اور سہولیات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔\378

متعلقہ عنوان :