&کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

اتوار 5 اکتوبر 2025 18:40

=فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2025ء) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک سید ندیم بدر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمانہ اہداف، فیلڈ سرگرمیوں، ویکسینیشن مہمات اور جانوروں کی بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں280 لائیو سٹاک ہسپتال، ڈسپنسریز اور سہولت مراکز فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ فیصل آباد ڈویژن صوبے کا دوسرا بڑا لائیو سٹاک مرکز ہے جہاں50 لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں ۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کو جانوروں کی بیماریوں سے پاک بنانے کے لئے ایک جامع پلان تیار کیا جائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جانوروں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور بیماریوں کی بروقت روک تھام کے لئے مؤثر اور سائنٹیفک اقدامات کی ہدایت کی۔کمشنر نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ مویشی منڈیوں میں لمپی اسکن ڈیزیز یا کسی بھی متعدی مرض میں مبتلا جانوروں کو علیحدہ رکھا جائے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک ویٹرنری سروسز کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے اور کسانوں و مویشی پال حضرات کو ویکسینیشن مہم میں بھرپور طور پر شریک کیا جائے۔

راجہ جہانگیر انور نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ لائیو سٹاک عوامی آگاہی مہمات میں اضافہ کرے تاکہ شہریوں اور کسانوں میں جانوروں کی بیماریوں کی روک تھام، حفاظتی تدابیر اور جدید لائیو سٹاک مینجمنٹ سے متعلق شعور بیدار کیا جا سکے۔