صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے اچانک سرگودہا آمد

ہیلتھ کلینک اور کلینک ان ویلز کو چیک کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ

بدھ 8 اکتوبر 2025 14:38

صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے اچانک سرگودہا آمد
سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے اچانک سرگودہا آمد پر ہیلتھ کلینک اور کلینک ان ویلز کو چیک کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور سٹاف کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی سمیت حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔زرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے اچانک سرگودہا آمد پر مریم نواز ہیلتھ کلینک چک 88 جنوبی اور "کلینک آن ویلز" چک 47 شمالی کو چیک کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملہ کی حاضری اور مریضوں کو دی جانے والی خدمات کو معائنہ کیا اور سٹاف سے ملاقات میں تنخواہوں کی ادائیگی کے بارے پوچھتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہیلتھ کلینکس میں تعینات عملے کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کلینک آن ویلز کے ماڈل کو عوام کے لیے ایک موثر سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک اور کلینک آن ویلز منصوبے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد دور دراز دیہات کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دیہی علاقوں میں صحت عامہ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ہر شہری کو معیاری علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے آوٹ سورس اسٹاف سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی پر مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 88 جنوبی کی ہیلتھ مینیجر ڈاکٹر صبا نعمان کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ تمام ہیلتھ کلینکس میں عملے کی باقاعدہ حاضری یقینی بنائی جائے، ریکارڈ شفاف رکھا جائے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے موثر نظام قائم کیا جائے۔