بلیک اسٹون اور لونیت کا خلیجی خطے میں لاجسٹکس اثاثوں میں سرمایہ کاری کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان

منگل 7 اکتوبر 2025 09:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) دنیا کے سب سے بڑے متبادل اثاثہ جاتی مینیجر بلیک اسٹون اور ابوظہبی کی عالمی سرمایہ کاری کمپنی لونیت نے خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) خطے میں لاجسٹکس اثاثوں میں سرمایہ کاری کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اس شراکت کے تحت دونوں ادارے مل کر گلف لاجسٹکس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ انٹرپرائز قائم کریں گے جو جی سی سی میں گریڈ-اے لاجسٹکس اثاثوں کی تعمیر، خریداری اور انتظام کے لیے وقف ہوگا۔

توقع ہے کہ اس منصوبے میں مزید خلیجی شراکت دار بھی شامل ہوں گے اور مختلف ممالک میں اس کے لیے علیحدہ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ماہرین کے مطابق خطے میں لاجسٹکس کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کی وجہ معاشی ترقی، ای-کامرس کا پھیلاؤ اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں میں اضافہ ہے تاہم بین الاقوامی معیار اور جدید سہولتوں سے آراستہ گریڈ اے لاجسٹکس مراکز کی شدید کمی ہے جو سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

گلف لاجسٹکس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ انٹرپرائز کا ہدف 5 ارب ڈالر کے اعلیٰ معیار کے گوداموں اور دیگر لاجسٹکس اثاثوں میں سرمایہ کاری ہے جس میں زیادہ تر گرین فیلڈ پروجیکٹس پر توجہ دی جائے گی، منتخب پورٹ فولیو خریداری اور بڑے کاروباری اداروں کے ساتھ سیل اینڈ لیز بیک معاہدے بھی شامل ہوں گے۔بلیک اسٹون کے صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر جون گرے نے کہاکہ جی سی سی میں جاری معاشی تبدیلی، ترقی دوست پالیسیوں، آبادیاتی رجحانات اور اقتصادی تنوع کی بدولت لاجسٹکس جیسے شعبوں میں زبردست مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

لونیت کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم اپنی عالمی سرمایہ کاری اور لاجسٹکس کے تجربے کو ان کی خطے میں موجودہ صلاحیتوں کے ساتھ یکجا کر کے ایک بڑے پیمانے کا پین-ریجنل پلیٹ فارم تیار کر رہے ہیں۔لونیت کے مینیجنگ پارٹنر خلیفہ السویدی نے کہاکہ گلف لاجسٹکس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ انٹرپرائز ہمارے سرمایہ کاروں کو اعلیٰ معیار کے لاجسٹکس اثاثوں تک رسائی فراہم کرے گا اور نئے انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے خطے کی معاشی نمو میں معاون ہوگا، یہ شراکت عالمی پیمانے اور علاقائی مہارت کو یکجا کرتے ہوئے ایک ایسی مارکیٹ کے دروازے کھولتی ہے جو بڑی تبدیلی کے دہانے پر ہے۔