پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے ملاوٹی دودھ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ، 8 دکانیں سیل، 2500 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے ملاوٹی دودھ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پی ایف اے کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں، سیٹلائیٹ ٹاؤن، شاہین ٹاؤن، راول روڈ اور بحریہ ٹاؤن میں 23 ملک شاپس کا معائنہ کیا۔ جانچ کے دوران 8 ملک شاپس میں دودھ میں خشک پائوڈر اور ویجیٹیبل آئل کی ملاوٹ ثابت ہونے پر دکانیں فوری طور پر سیل کر دی گئیں اور متعلقہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے۔

(جاری ہے)

فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 2500 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کرتے ہوئے دو لاکھ پینتالیس ہزار روپے جرمانے بھی عائد کیے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ملاوٹی دودھ اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں، عوام ملاوٹ مافیا کے خاتمے میں فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں کیونکہ کسی کو بھی شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی شکایت یا اطلاع کی صورت میں فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :