علی امین گنڈاپورکا استعفیٰ معمہ بن گیا ،گورنرہاؤس اور پی ٹی آئی ذرائع کے متضاد دعوے

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:01

علی امین گنڈاپورکا استعفیٰ معمہ بن گیا ،گورنرہاؤس اور پی ٹی آئی ذرائع ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ معمہ بن گیا جب کہ اس حوالے سے گورنر ہاؤس اور پی ٹی آئی ذرائع نے متضاد دعوے کیے۔ذرائع وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے کہا کہ ہم نے تو استعفیٰ کل ہی گورنرہاؤس کو بھجوادیا تھا، اب وزیر اعلیٰ کے استعفے پر مزید کارروائی کرنا گورنر ہاؤس کا کام ہے۔

دوسری جانب ذرائع گورنرہاؤس نے کہا کہ استعفیٰ کہاں ہے ہمیں تو کچھ معلوم نہیں، وزیراعلیٰ کا استعفیٰ صرف کاغذ کا ایک ٹکڑا نہیں ہوتا بلکہ یہ سمری کے ذریعے گورنرکو بھیجا جاتا ہے۔ذرائع گورنرہاؤس نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے وزیراعلیٰ کا استعفیٰ کس کو بھیجا گیا ہے، اس کے بارے میں وہی بتاسکتے ہیں، گورنرہاؤس کو جونہی استعفیٰ موصول ہوگا اس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس صورتحال پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم نے گورنر ہاوس کی جانب سے علی امین کے استعفے کے وصول ہونے والی کاپی شیئر کردی، گورنر ہاوس اسٹاف نے استعفی رات 10:57 منٹ پر وصول کیا۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کو علی امین کا استعفی کل رات ہی موصول ہوگیا تھا، گورنر کے ایم ایس سے کوارڈینیشن کے بعد کل رات پونے گیارہ بجے گورنر ہاؤس کے اسٹاف نے استعفیٰ وصول کیا۔گورنر کے ایم ایس سے کوارڈینیشن کے بعد کل رات پونے گیارہ بجے گورنر ہاؤس کے سٹاف نے علی امین خان صاحب کا استعفیٰ وصول کیا اور وصولی لکھ کے دی۔