Live Updates

تمام شہری حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں، صحت مند ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں، ڈاکٹر عبدالرحمن سدھو

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں سموگ کی روک تھام اور عوامی آگاہی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار اور سی ای او ہیلتھ سیالکوٹ چوہدری محمد اسلم کی زیر نگرانی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چونڈہ میں ایک شاندار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

واک کی قیادت ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن سدھو نے کی جبکہ ڈاکٹر عاطر بھٹی، ڈاکٹر فرحان، ڈاکٹر بختاور، ڈاکٹر حسنات سمیت دیگر پیرا میڈیکل سٹاف، نرسز، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکانے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سموگ سے بچاؤ کے پیغامات درج تھے۔ واک کے اختتام پر شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالرحمن سدھو نے کہا کہ سموگ ایک خطرناک ماحولیاتی آلودگی ہے جو سانس، آنکھوں اور دل کے امراض میں اضافے کا باعث بنتی ہے، اس لیے عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے پرہیز، گاڑیوں کے دھوئیں پر قابو پانے، درخت لگانے، اور فیس ماسک کے باقاعدہ استعمال سے سموگ کے اثرات کم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام محکمے متحرک ہیں اور سموگ کے تدارک کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ کھیتوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے متبادل طریقے استعمال کریں تاکہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے، عوامی آگاہی ہی سموگ کے خاتمے کا پہلا قدم ہے۔

تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں اور صحت مند ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ آخر میں شرکانے عزم کیا کہ وہ سموگ کے نقصانات سے متعلق پیغام گھر گھر پہنچائیں گے اور اپنے علاقوں میں صفائی، شجر کاری اور ماحولیاتی تحفظ کی مہم کو مزید تیز کریں گے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات