بجلی صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے سینٹرل سرکل کوئٹہ کے دفترمیں کھلی کچہری15اکتوبرکو منعقد ہوگی

پیر 13 اکتوبر 2025 23:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے زیراہتمام کوئٹہ شہرکے صارفین کی بجلی سے متعلق شکایات کے ازالہ کے سلسلے میں 15اکتوبر2025 (بروزبدھ )سینٹرل سرکل کوئٹہ کے دفترمیں کھلی کچہری کاانعقاد کیاجائے گا ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر سید عبداللہ شاہ کی زیرنگرانی ایگزیکٹوانجینئر زرغون ، سریاب اورسٹی ڈویژن کی موجودگی میں صبح11بجے سے دن ایک بجے تک ایس ای آفس کیسکوواقع سیٹلائٹ ٹاون کوئٹہ میں صارفین کی شکایات معلوم کریں گے اور اُنکے ازالہ کیلئے موقع پر ہی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

لہٰذا کیسکونے متعلقہ آپریشن ڈویژنزکے تمام صارفین جن میں لیاقت بازار، کینٹ ، مری آباد، کچہری، عالم خان، کچلاک، بروری، کرانی، شیخ ماندہ، سریاب، سیٹلائٹ ٹاون، مہردر،پشتون آباد، گوالمنڈی اور سپیزنڈ سب ڈویژن شامل ہیں اُن سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی سے متعلق شکایات یعنی بلوںکی درستگی ، غلط میٹرریڈنگ ، نئے کنکشنز کی فراہمی میں تاخیر اور بجلی سے متعلق دیگرمسائل کے حل کیلئے 15اکتوبرکے روز ایس ای آفس کوئٹہ میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کریں نیز تمام صارفین بجلی کا موجودہ بل اور تحریری درخواست اپنے ہمراہ لائیں تاکہ اُن کی شکایات کافوری ازالہ یقینی بنایاجاسکے ۔