منشیات کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے میاں بیوی کی اپیل خارج

منگل 14 اکتوبر 2025 16:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے میاں بیوی کی اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔دو رکنی بینچ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ نے مجرمان عرفان علی اور اس کی اہلیہ عاصمہ بی بی کی اپیل پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ریکارڈ کے مطابق مجرمان سے 65کلو گرام چرس برآمد ہوئی تھی اور ان کے خلاف 2021 ء میں تھانہ فیروز والا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے گواہان کے بیانات، فرانزک شواہد اور دیگر ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی ۔ وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مجرمان کو بدنیتی کے تحت جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، پولیس نے اپنی کارکردگی ظاہر کرنے کیلئے جعلی کیس بنایا۔عدالت نے وکلائے صفائی کے دلائل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون اور شواہد کے عین مطابق ہے۔