اسپیس42 اور اے 2 زیڈ کا ابوظہبی میں خودکار گاڑیوں کے مشترکہ منصوبے پر اتفاق

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:04

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) اسپیس42 اور جنوبی کوریا کی معروف خودکار ڈرائیونگ کمپنی ’’اے 2 زیڈ‘‘ نے ابوظہبی میں مشترکہ منصوبہ قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں لیول 4 خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا اور تجارتی بنیادوں پر فروغ دینا ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ شراکت داری جیٹیکس گلوبل 2025 کے موقع پر اعلان کی گئی، جو خودکار ڈرائیونگ کی جدید صلاحیتوں کو مقامی سطح پر فروغ دینے اور پائیدار سمارٹ موبیلٹی نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اسپیس42 کے سی ای او حسن الحسنی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات تیز رفتاری سے ذہین ٹرانسپورٹ کے نئے دور کی طرف بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف منڈیوں کے درمیان تعاون سے علم کے تبادلے کو فروغ ملتا ہے، جو خودکار ٹرانسپورٹ کے شعبے میں قومی اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے۔ اے 2 زیڈ کے ساتھ شراکت داری سے ہم مقامی اختراع، تکنیکی ترقی، اور خود انحصاری کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔اے 2 زیڈ کے سی ای او جی ہیونگ ہان نے کہا کہ ہم نے اے پیک 2025 میں سرکاری آپریٹر کے طور پر لیول 4 خودکار ٹیکنالوجی کا کامیاب مظاہرہ کیا اور اب ہم یہی مہارت مشرق وسطیٰ میں لا رہے ہیں، اسپیس 42 کے ساتھ اشتراک سے ہمارا مقصد متحدہ عرب امارات کے اس وژن کو آگے بڑھانا ہے جو سمارٹ اور خودکار ٹرانسپورٹ کے فروغ پر مبنی ہے۔

یہ مشترکہ منصوبہ متحدہ عرب امارات میں خودکار نقل و حرکت کی جدت، ترقی اور تجارتی توسیع کے لیے ایک قومی نظام کو فروغ دے گا، جو اسمارٹ آٹونومس سسٹمز کونسل کے مقاصد کے مطابق ہے۔ اس کے تحت ذہین بیڑے کی تنظیم، مقامی مہارت کی تربیت اور کاروباری و شہری نظاموں کی کارکردگی، حفاظت اور پائیداری میں بہتری کے اقدامات شامل ہوں گے۔یہ منصوبہ اسپیس42 اور ‘اے 2 زیڈ’ کے درمیان پہلے سے موجود شراکت داری پر مبنی ہے اور امارات کے سمارٹ موبیلٹی منصوبوں میں اسپیس 42 کی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دیتا ہے۔

اسپیس42 نے حال ہی میں سوورن موبیلٹی کلاؤڈ متعارف کرایا ہے جو مصنوعی ذہانت پر مبنی نقشہ سازی، بیڑے کے نظم و نسق اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے انفراسٹرکچر فراہم کرتا ہے، جب کہ کمپنی نے ڈائنامک میپ پلیٹ فارم اور جنرل موٹرز کے ساتھ خودکار ڈرائیونگ سسٹمز میں بھی تعاون کیا ہے۔2021 سے اب تک اسپیس42 کی روبوٹ ٹیکسی سروس (TXAI) تقریباً 6 لاکھ کلومیٹر خودکار ڈرائیونگ اور 20 ہزار سے زائد مسافروں کی محفوظ نقل و حرکت مکمل کر چکی ہے۔ اس کا بیڑا سعدیات، یاس، المریہ اور الریم جزائر کے ساتھ ساتھ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک پھیل چکا ہے۔