صارفین کی شکایات کابروقت ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے،سپرنٹنڈنگ انجینئر کیسکو

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے زیر اہتمام بجلی صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے سپرنٹنڈنگ انجینئر سید عبداللہ شاہ کی زیر نگرانی سینٹرل آپریشن سرکل کوئٹہ کے دفترمیں کھلی کچہری کاانعقادکیاگیا۔کھلی کچہری میں آپریشن سینٹرل سرکل کوئٹہ کے ماتحت زرغون، سریاب اور سٹی ڈویژن کے ایگزیکٹوانجینئر ریونیوآفیسرزاوردیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

سپرنٹنڈنگ انجینئر کیسکوسید عبداللہ شاہ نے کھلی کچہری میں صارفین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ صارفین کی شکایات کابروقت ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کیسکواپنے تمام صارفین کے مسائل کے بروقت حل کیلئے کھلی کچہری کااانعقاد کررہی ہے جس کاسب سے زیادہ فائدہ صارف کوہی ہوتاہے کیونکہ اس سے متعلقہ صارف کا مسئلہ بروقت حل کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تمام ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز اپنے متعلقہ صارفین کو بجلی سہولیات کی فراہمی اور اُن کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔کھلی کچہری کے موقع پرکوئٹہ شہرکے مختلف سب ڈویژنزکے صارفین نے شرکت کرتے ہوئے اپنے متعلقہ علاقوں میں بجلی سے متعلق مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔اس موقع پرسپرنٹنڈنگ انجینئر سید عبداللہ شاہ نے موقع پر ہی صارفین کے شکایات حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔