ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میںسالانہ بنیاد پر 5.6فیصد اضافہ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیاد پر 5.6 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا ،برآمدات کا حجم 4.775 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 4.520ارب ڈالر تھا۔اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کا حجم 1.573ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اگست کے 1.524ارب ڈالر کے مقابلے میں 3فیصد زیادہ اور گزشتہ سا ل ستمبر کے 1.605ارب ڈالر کے مقابلے میں 2فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سا ل کی پہلی سہ ماہی میں نیٹ ویئر ز کی برآمدات کا حجم 1.424ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.269ارب ڈالر کے مقابلے میں 12فیصد زیادہ ہے۔ستمبر میں نیٹ ویئرز کی برآمدات کا حجم 465ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو اگست کی446ملین ڈالر کے مقابلے میں 4فیصد اور گزشتہ سا ل ستمبر کے 448ملین ڈالر کے مقابلے میں 4فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کا حجم پہلی سہ ماہی میں 1.057ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 997ملین ڈالر کے مقابلے میں 6فیصد زیادہ ہے۔پہلی سہ ماہی میں دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 2.294ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.255ارب ڈالر کے مقابلے میں 2فیصد زیادہ ہے۔علاوہ ازیںمشینری کی درآمدات میں پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 21فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کا حجم 2.616ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال اسی مدت میں2.163ارب ڈالر تھا۔

ستمبرمیں مشینری گروپ کی درآمدات پر908ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ سال ستمبرکے مقابلہ میں 19فیصدزیادہ ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں مشینری کی درآمدات پر766ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواتھا۔اگست کے مقابلہ میں ستمبر میں مشینری کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر17فیصداضافہ ہوا۔ اگست میں مشینری کی درآمدات پر 779ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔