کنٹرولر ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹ سروسزشمائلہ منظور کا فیصل آباد کا دورہ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) سیکرٹری ٹورازم پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت پر کنٹرولر ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹ سروسزشمائلہ منظور نے فیصل آباد کا دورہ کیااورکمشنر آفس میں پنجاب ٹورازم سکواڈ کے آفیسرز اور آفیشلزسے میٹنگ کی۔انہوں نے سکواڈ کو درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت اورچیلنجز سے نمٹنے کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔

بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنٹرولر ڈی ٹی ایس نے کہا کہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس،ٹریول اینڈ ٹورز کا بزنس کرنے والوں کی سہولت اور آسانی کیلئے آنلائن پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس سے گھر بیٹھے آن لائن لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کی “Hotel Eye”سافٹ وئیر میں رجسٹریشن ہوگی۔

(جاری ہے)

رجسٹریشن نہ کرانے والے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں چلنے والی آن لائن بکنگ ایپلی کیشنز سے بکنگ کرانے والوں کی بھی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔یہ فیصلہ جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے کیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ بیرون اور اندرون ملک سے متعدد افراد پنجاب کے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں قیام کرتے ہیں۔ہوٹلز اور نجی گیسٹ ہاؤسز میں قیام کرنے والے افراد کا ڈیٹا ''ہوٹل آئی'' میں درج کرنا ہوگا۔نجی گیسٹ ہاؤسزکے مالکان اپنے لاگ ان سے مہمانوں کی معلومات فراہم کریں گے۔ ملکی اور غیر ملکی رہائشیوں کی ڈیجیٹل تصدیق سے جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی۔