عسکریت پسندوں کیساتھ جھڑپ میں شہیدہونے 7 ایف سی جوانوں کی نماز جنازہ ادا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:02

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) قبائلی ضلع اورکزئی کی اپرتحصیل کے دورافتادہ سرحدی علاقہ ماموں زئی میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں شہیدہونے والے فرنٹیئرکور(ایف سی) کی7بہادر جوانوں کی نماز جنازہ اورکزئی سکاؤٹس ہیڈکوارٹر کلایہ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں بریگیڈیئر خرم‘ کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس کرنل مدثر احمد‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی شوکت علی ڈپٹی کمشنر اورکزئی عرفان الدین‘ پولیس اورایف سی حکام علاقہ مشران‘ عمائدین علاقہ اور مقامی عوام نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

سرکاری بیان کے مطابق نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسدخاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا جہاں مقامی روایات کے مطابق ان کی تدفین کی گئی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزاورکزئی کے علاقہ ماموں زئی میں عسکریت پسندوں نے ہلی کنڈواؤ چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے بعدسیکیورٹی فورسز نے بھرپورجوابی کارروائی کی تھی جس کے نتیجے میں عسکریت پسند بھاگنے پر مجبور ہوگئے تھے۔

اس جھڑپ میں اورکزئی سکاؤٹس 216 ونگ کے سات جوان شہادت کے رتبہ پر فائزہوگئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران اورکزئی سکاؤٹس 216 ونگ کے سات جوانوں نے شہادت پائی جن میں حوالدار عبدالرحمن (بھٹنی) ‘ لائس نائیک عبدالشکور (کرک) ‘سپاہی محمدفیاض (وزیر اتمانزئی)اور سپاہی محمدامتیاز(محسود) ‘لائس نائیک ناہیدخان‘سپاہی محمدجنید اورنیک رحمت شامل تھے۔