سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کو ہر گز نہیں چلنے دیا جائیگا ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) لاہور میں سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے سکواڈز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ رواں ماہ اب تک جاری کارروائیوں میں 250 گاڑیاں بند کی جا چکی ہیں جبکہ خلاف ورزی پر 600 گاڑیوں کے چالان اور 35 لاکھ کے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف 31 مقدمات درج جبکہ 30 ڈرائیورز گرفتار کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کو ہر گز نہیں چلنے دیا جائیگا ، ٹرانسپورٹرز مکمل مرمت و فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیاں ہرگز روڈ پر مت لائیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عوامل بارے شکایات و تجاویز حکومت پنجاب کی گرین پنجاب ایپ پر درج کرائیں،ٹرانسپورٹ ، ٹریفک و ماحولیاتی آلودگی بابت ایمرجنسی کی صورت میں 15 کے بعد ایکسٹینشن 6 ملائیں۔