عدالت نے بائیس کروڑکی بجلی چوری کی درخواست نمٹا دی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 14:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے بائیس کروڑ روپے کی بجلی چوری کے الزام میں درج مقدمے میں شہری شہباز اکرم کی جانب سے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر ایس ڈی او لیسکو کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔جسٹس محمد جواد ظفر نے شہری شہباز اکرم کی درخواست پر جمعہ کو سماعت کی ۔ عدالتی حکم پر ایس پی انویسٹیگیشن کینٹ بشری نثار عدالت میں پیش ہوئیں ۔

عدالت نے ایس پی انویسٹیگیشن کینٹ سے استفسار کیا کہ مدعی مقدمہ کے مطابق اس نے نہ تو درخواست دی اور نہ ہی مقدمہ کے اندراج پر اس کے دستخط ہیں۔ عدالت نے نشاندھی کی کہ جب مدعی ہی درخواست سے لاعلم ہے تو تصدیق کیے بغیر مقدمہ کیسے درج کیا گیا۔عدالت نے قرار دیا کہ پولیس اور لیسکو کے افسران کو مقدمات کے اندراج سے قبل حقائق کی مکمل تصدیق کرنی چاہیے تاکہ بے گناہ شہریوں کو بلاجواز مقدمات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ایس پی انویسٹیگیشن کینٹ بشری نثار نے عدالت کو بتایا کہ لیسکو کی جانب سے موصول ہونے والی تمام درخواستوں میں یہی طرزِ تحریر اور دستخط ہوتے ہیں، اسی بنیاد پر مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔عدالت نے ایس پی انویسٹیگیشن کینٹ کو معاملے کی مکمل تفتیش کرنے اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ایس ڈی او لیسکو کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔