پاکستانیوں و دیگر رہائشیوں کیلئے آن لائن آبِ زم زم منگوانے کی نئی سروس

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے نسک ایپ پر متعارف کروائے جانے والے نئے اقدام کا آغاز کردیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 اکتوبر 2025 15:38

پاکستانیوں و دیگر رہائشیوں کیلئے آن لائن آبِ زم زم منگوانے کی نئی سروس
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2025ء ) سعودی عرب میں پاکستانیوں و دیگر رہائشیوں کیلئے گھر بیٹھے آن لائن آبِ زم زم منگوانے کی نئی سروس شروع کردی گئی، تمام رہائشیوں کے لیے زم زم کی کم از کم یا زیادہ سے زیادہ بوتلوں کے آرڈرز کی بھی کوئی پابندی نہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہری اور رہائشی اب نسک ایپ پر ایک نئی سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کی مدد سے وہ آبِ زم زم کے پانی کی جتنی بوتلیں چاہیں حاصل کرسکتے ہیں، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس نئے اقدام کا آغاز کیا ہے جو مملکت میں رہنے والوں کو زم زم کے پانی کی بوتلیں منگوانے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس کی تعداد کے حوالے سے کوئی پابندی بھی نہیں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نسک ایپ میں نئے فیچر کا استعمال کرتے ہوئے سعودی باشندے اور مملکت میں مقیم پاکستانی و دیگر رہائشی آبِ زم زم کی 330 ملی لیٹر کی جتنی چاہیں بوتلیں حاصل کرسکتے ہیں، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بابرکت پانی کو کسی بھی سعودی خطے میں شہریوں اور رہائشیوں کے گھروں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ آب زم زم اکثر بڑے کنٹینرز میں فروخت کیا جاتا ہے، یہ قدم زم زم کے پانی کو چھوٹی بوتلوں میں آسانی سے لے جانے کی اجازت دیتا ہے، مملکت نے حال ہی میں اپنی خصوصیات اور خدمات میں اضافہ کرکے نسک ایپ تیار کی ہے، رہائش کی بکنگ سے لے کر عمرہ ویزے کے اجراء تک یہ ایپ ایک جامع پورٹل بن چکی ہے تاکہ دنیا میں کہیں سے بھی مذہبی سفر پر جانے والوں کی مدد کی جا سکے۔