گنے کی برداشت میں تاخیر سے گندم کی مقررہ اہداف کے مطابق کاشت میں مشکلات کا خدشہ ہے، ایم ریحان الحق

جمعرات 13 نومبر 2025 13:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2025ء) پاکستان کسان بورڈ کے مرکزی رہنما ایم ریحان الحق نے کہا کہ شوگر ملز کی جانب سے بروقت کرشنگ سیزن شروع نہ کئے جانے کے باعث ہزاروں ایکڑ رقبہ پر گنے کی برداشت تاحال شروع نہ ہوسکی ہے جس کے باعث گنے کی کٹائی مکمل نہ ہونے سے گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف کا حصول مشکل نظر آنے لگاہے۔انہوں نے بتایاکہ شوگر کین ایکٹ 1950کے مطابق شوگر ملز مالکان کی جانب سے کرشنگ سیزن کاآغاز15اکتوبر سے کیا جانا ضروری ہے لیکن28روز کا اضافی عرصہ گزرنے کے باوجود اب تک اکثر شوگر ملز نے کرشنگ سیزن شروع نہ کیاہے تاہم اب حکومت نے شوگرملز مالکان کو حکم دیا ہے کہ وہ15 نومبرسے گنے کا کرشنگ سیزن شروع کریں۔

انہوں نے کہاکہ بڑی تعدا د میں کاشتکار گنے کی برداشت کے بعد اسی زمین میں گندم کی کاشت یقینی بناتے ہیں جبکہ گندم کی اگیتی کاشت20 نومبر تک کی جاتی ہے کیونکہ پچھیتی کاشت کی صورت میں کم ازکم فی من فی ایکڑ گندم کی پیداوار کم ہونے کا خدشہ ہوتاہے لیکن صوبہ بھر میں اس وقت تک ہزاروں ایکڑ رقبہ کے قریب زرعی اراضی پر گنے کی فصل کھڑی ہونے سے اس رقبہ پر گندم کی کاشت ناممکن ہو تی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھرمیں شوگر ملز مالکان کو گنے کا کرشنگ سیزن بلاتاخیر شروع کرنے کی ہدایت کی جائے تاکہ گندم کی بروقت کاشت یقینی بنانے میں مدد مل سکے۔