بھارتی اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں چل بسے

وہ کچھ عرصے سے علیل تھے، گزشتہ دنوں سانس سے متعلق شدید تکالیف کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 24 نومبر 2025 13:34

بھارتی اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں چل بسے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2025ء) بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار دھرمیندر چل بسے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 89 سالہ معروف اداکار گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، گزشتہ دنوں ان کو سانس سے متعلق شدید تکالیف کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، آج صبح ایک بار پھر ان کے ممبئی کے گھر کے باہر ایمبولینس دیکھی گئی، جس سے 89 سالہ اداکار کی حالت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوئیں، کچھ دیر بعد یہ خبر سامنے ائی کہ دھرمیندر 89 برس کی عمر میں چل بسے۔

بتایا گیا ہے کہ دھرمیندر کی صحت سے متعلق تشویشناک خبر گزشتہ ماہ سامنے آئی تھی، جب انہیں سانس لینے میں پریشانی کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال داخل کیا گیا، وہاں وہ وینٹی لیٹر پر بھی رہے، ہسپتال قیام کے دوران ہی اس وقت دھرمیندر کی موت کی جھوٹی خبریں بھی سامنے آئی تھیں جس پر ان کی بیٹی ایشا دیول اور اہلیہ ہیما مالینی نے ان افواہوں کی تردیدی کی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ دھرمیندر نے 1960ء میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بالی وُوڈ میں نمایاں مقام حاصل کرلیا، انہوں نے اپنے کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، انہوں نے 1997ء میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کیا، 2012ء میں انہیں بھارت کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا، دھرمیندر نے سوگواران میں اہلیہ ہیما مالینی، پہلی اہلیہ پرکاش کور، بچے سنی دیول، بوبی دیول اور بیٹیاں ایشا اور آہانا دیول چھوڑے ہیں۔