الیکشن کمیشن ،ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، طلال چوہدری سمیت دیگر کو نوٹسز جاری

جمعرات 1 جنوری 2026 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2026ء) الیکشن کمیشن نے این اے 96فیصل آباد اور این اے 185ڈی جی خان سمیت مختلف حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد سیاسی شخصیات کو نوٹس جاری کر دیئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 96فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جبکہ اسی حلقے سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار بلال چوہدری کو بھی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 8 جنوری کو صبح 10بجے کرے گا۔الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دیگر کیسز کی سماعت کے لیے 13جنوری کو صبح 10 بجے کی تاریخ مقرر کی ہے جس کی کاز لسٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے مظفرگڑھ کے حلقہ پی پی 269سے میاں عالمدار عباس قریشی اور محمد اقبال خان کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن کے کیس کی سماعت بھی 13 جنوری کو کی جائے گی۔دوسری جانب این اے 185 ڈی جی خان کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف امیدوار سردار دوست محمد کھوسہ کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن 7 جنوری کو اس درخواست پر سماعت کرے گا۔