پنجاب میں4 سال کے وقفے کے بعد 8 ویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات ہونگے

بدھ 7 جنوری 2026 15:53

پنجاب میں4 سال کے وقفے کے بعد 8 ویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات ہونگے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2026ء) پنجاب میں چار سال کے وقفے کے بعد آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے لیے مربوط امتحانی نظام کے تحت نئے قواعد نافذ کر دئیے گئے ہیں۔ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے پہلی بار امتحانی مراکز کے قیام کے لیے اسکول میپنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔پیکٹا حکام کے مطابق صوبے بھر میں امتحانی مراکز کے قیام کے لیے نئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آٹھویں جماعت کے امتحانی مراکز میں طلبہ کی کم از کم تعداد 50 جبکہ زیادہ سے زیادہ 300 مقرر کی گئی ہے۔ امتحانی مرکز طلبہ کے سکول سے 10 کلومیٹر کے دائرہ کار کے اندر قائم کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو سفری مشکلات کا سامنا نہ ہو۔نئے قواعد کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کے امتحانات کے لیے علیحدہ علیحدہ امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ سکول بیسڈ امتحانی مرکز کے انتخاب کی اجازت نہیں ہوگی۔ پیکٹا حکام کے مطابق اسکول میپنگ اور امتحانی ڈیٹا مکمل طور پر آن لائن ایپ کے ذریعے جمع اور مرتب کیا جائے گا، جس سے شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :