میاں مرغوب احمد اور راشدنصراللہ کا این اے 130 میں چار پارکس کا افتتاح

بدھ 7 جنوری 2026 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2026ء) وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد،معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشدنصراللہ،ڈی جی ایل ڈی اے طاہرفاروق نے این اے 130 یوسی57 اور یوسی59 میں چار پارکس کا افتتاح کردیا ہے۔یوسی57 میں فردوس پارک، کھجور والی پارک،ایمرجن ہاسٹل پارک اور یوسی59 میں جوہری پارک کاافتتاح کیاگیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل این اے130 میں لٹن روڈ پارک اور چلڈرن پارک راجگڑھ کا افتتاح کیاگیا تھا۔

اس موقع پروائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمدنے کہاکہ این اے 130 کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مثالی حلقہ بنائیں گے۔قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کی قیادت میں عوامی فلاح کے منصوبوں پرکام کر رہے ہیں۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہاکہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت حلقے کے تمام پارکس کی تزئین وآرائش کرکے انہیں مثالی بنائیں گے اورمستقبل میں بھی اسی جوش اور وژن کے ساتھ ترقیاتی کاموں کا سفرجاری رہے گا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشد نصراللہ نے کہاکہ پارکوں کی تعمیرنو،تزئین وآرائش سے صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔اب تک این اے130 میں6 پارکوں کا افتتاح کیا جاچکاہے۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہاکہ آئندہ چند روز میں مزید پارکوں کی تعمیرنو،تزئین وآرائش کے کام مکمل کرکے ان کا افتتاح کیاجائے گا۔پارکوں کی تعمیرنو وزیراعلی مریم نوازشریف کے ترقیاتی وژن کی روشن مثال ہے۔افتتاح کے موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہرحسین خان ودیگر افسران موجود تھے۔