جی سی یونیورسٹی لاہور میں فزکس کی عالمی کانفرنس کا آغاز

بدھ 28 جنوری 2026 17:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2026ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ فزکس کے زیر اہتمام فزکس کی عالمی کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے 295سکالرز شریک ہیں، جبکہ 45مقررین خطاب کر رہے ہیں جن میں 14غیر ملکی مقررین بھی شامل ہیں۔افتتاحی سیشن میں مقررین نے واضح کیا کہ مضبوط سائنس کے لیے مضبوط ادارے ضروری ہیں اور یہ کہ معاشی ترقی کے لیے تحقیق اور جدت ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق پر مبنی تعلیمی و سائنسی ماحول ہی قومی ترقی کی بنیاد بنتا ہے، اور ادارہ جاتی استحکام کے بغیر سائنس و ٹیکنالوجی میں پائیدار پیش رفت ممکن نہیں۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے شرکت کی۔ افتتاحی سیشن سے وائس چانسلر جی سی یو پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے خطاب کیا، جبکہ ممتاز سائنسدان ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ تقریب میں سابق وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمن بھی موجود تھے۔کانفرنس کے بارے میں پروفیسر ڈاکٹر محمد نعمان سرور قریشی نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران 18متوازی ٹیکنیکل سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ کانفرنس آئندہ دو روز تک جاری رہے گی۔