یونیورسٹی آف سرگودھا کا 12 واں کانووکیشن اختتام پذیر

جمعرات 29 جنوری 2026 13:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کا بارہواں کانووکیشن اختتام پزیرہو گیا، کانووکیشن کے تیسرے روز اور آخری روز فیکلٹی آف میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، فارمیسی، سائنسز اور سوشل سائنسز کے گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔تقریب کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی ہمراہ اکڈیمک پروسیشن کی آمد سے ہوا۔

ملک صہیب احمد بھرتھ نے وائس چانسلر کے ہمراہ مختلف تعلیمی پروگرامز کے گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں۔اپنے افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران یونیورسٹی آف سرگودھا میں تعلیمی معیار، نظم و نسق اور انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنیادوں پر استوار کیا گیا، جس کا اعتراف عالمی سطح پر جامعات کی درجہ بندی کرنے والے اداروں میں یونیورسٹی کی مسلسل شمولیت سے ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تعلیمی شعبہ جات کا باقاعدہ سالانہ جائزہ، بین الاقوامی علمی کانفرنسوں کا انعقاد، جدید تدریسی نظام، جدید طلبہ سہولت مرکز اور 2.7 میگاواٹ سولر توانائی منصوبہ یونیورسٹی کی نمایاں کامیابیاں ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بتایا کہ یونیورسٹی میں وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر، بین الاقوامی اشتراک سے نرسنگ سکول، زرعی بنیادوں پر معاشی منصوبے، سپیشل ٹیکنالوجی زون، پاک چین تعلیمی و تحقیقی تعاون، معلوماتی ٹیکنالوجی کے ڈھانچے میں نمایاں بہتری اور جدید لائبریری و تحقیقی سہولیات، چین میں انٹرنیشنل کیمپس کے قیام اور چینی اداروں کے ہی تعاون سے 600 بستروں پر مشتمل عالمی معیار کا ہسپتال قائم کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جو ادارے کو قومی اور عالمی سطح پر مضبوط بنا رہے ہیں۔

وائس چانسلر نے کانووکیشن کے موقع پر ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی والدین، اساتذہ اور طلبہ کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم، کردار اور ذمہ داری کو اپنا شعار بنائیں، معاشرے کی خدمت کریں اور عملی زندگی میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے مثبت سفیر بن کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کے والدین اور اساتذہ کے لیے باعثِ فخر ہے، جن کی محنت، رہنمائی اور قربانیوں کے بغیر یہ مقام حاصل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا ایک ترقی پسند، معیاری اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ادارے کے طور پر ابھر رہی ہے۔

انہوں نے نوجوان گریجویٹس بالخصوص طالبات کی بڑی تعداد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے معاشرتی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اختلافِ رائے کو کبھی نفرت یا تقسیم میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ صرف ملازمتوں کے انتظار کے بجائے جدت، خود انحصاری اور عملی جدوجہد کو اپنائیں کیونکہ نوجوان نسل میں معاشرے کو مثبت سمت دینے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے سفر میں عاجزی، باہمی احترام اور والدین و اساتذہ کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھنا ہی اصل کامیابی ہے۔تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان،رجسٹرار وقار احمد، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، یونیورسٹی ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی و سٹاف ممبران، طلباء و طالبات اور اُن کے والدین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔