ایچ ای سی نے نمز کے تعاون سے انڈرگریجویٹ طلبا کے لئے نیڈ بیسڈ سکالرشپ پروگرام کے تحت درخواستیں طلب کر لیں

جمعرات 29 جنوری 2026 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2026ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) کے تعاون سے انڈرگریجویٹ طلباء کے لئے HEC–NUMS نیڈ بیسڈ اسکالرشپ پروگرام (فیز VII) کے تحت درخواستیں طلب کر لی ہیں، اس سکالرشپ پروگرام کے تحت نمز، آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن اور آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں زیرِ تعلیم 4 سے 5 سالہ انڈرگریجویٹ پروگرامز کے طلبا درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

سکالرشپ کا انتخاب مکمل طور پر مالی ضرورت کی بنیاد پر کیا جائے گا جس کے لئے امیدواروں کی سکروٹنی کے بعد انسٹی ٹیوشنل سکالرشپ ایوارڈ کمیٹی کے تحت انٹرویو لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کامیاب طلبا کو مکمل ٹیوشن فیس کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ماہانہ 6 ہزار روپے وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا جس کا مقصد مالی مشکلات کے شکار ہونہار طلبا کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ درخواستیں نمز فنانشل ایڈ آفس کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ سکالرشپ کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 13 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔مزید تفصیلات، اہلیت کے معیار اور مکمل رہنمائی کے لئے امیدوار ہائر ایجوکیشن کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ www.hec.gov.pk کا وزٹ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :