لاہور میں بسنت کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان

بدھ 4 فروری 2026 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2026ء) صوبائی دارالحکومت میں بسنت کے موقع پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 6 اور 7 فروری کو موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ 8 فروری کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ لاہور میں 6 تا 8 فروری کا موسم پتنگ بازی کے لیے موزوں ہے اور اس دوران شہر میں ہوائیں 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو پتنگ بازی کے لیے مناسب سمجھی جا رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور پتنگ بازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے تاروں اور خطرناک جگہوں سے دور رہ کر احتیاط کے ساتھ پتنگ اڑائیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت کا تہوار منایا جا رہا ہے اور شہر میں اس کی تیاریاں عروج پر ہیں، جس میں سیکیورٹی، ٹریفک انتظامات اور عوامی احتیاط کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔