پری ارائیول، پوسٹ پیمنٹ جی ڈی فائلنگ کلیئرنس کے عمل کو تیز بنا دے گی، چیئرمین ارشد خورشید

جمعہ 6 فروری 2026 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2026ء) پاکستان میں درآمدی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پری ارائیول فائلنگ اور پوسٹ پیمنٹ آف امپورٹ گڈز ڈیکلریشن (جی ڈی) کے نفاذ کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن (اے پی سی اے ے) کے چیئرمین ارشد خورشید نے کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان میں منعقدہ ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ نیا نظام ملک میں درآمدی کلیئرنس کے عمل کو تیز، شفاف اور موثر بنانے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔سیشن میں سینئر کسٹمز افسران، پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں کسٹمز ایجنٹس نے شرکت کی۔ارشد خورشید نے کہا کہ نئے نظام کے تحت درآمد کنندگان جہاز کی آمد سے قبل ہی گڈز ڈیکلریشن فائل کر سکیں گے جبکہ کسٹمز ڈیوٹی، ٹیکسز اور حتٰی کہ صوبائی سیس کی ادائیگی بعد میں ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سہولت سے نہ صرف کارگو کی بندرگاہوں پر قیام کا دورانیہ کم ہوگا بلکہ تاجروں کو کیش فلو کے دبا ئوسے بھی نمایاں ریلیف ملے گا۔اس موقع پرچیف کلکٹر کسٹمز(اپریزمینٹ) سائوتھ واجد علی نے آگاہی سیشن سے میں جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تاجروں اور کسٹمز ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ پری ارائیول اور پوسٹ پیمنٹ جی ڈی فائلنگ کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ تیز رفتار کلیئرنس کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان سنگل ونڈو کے ڈائریکٹر خرم اعجاز نے نظام کے عملی خدوخال سے آگاہ کیا جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ریفارمز اینڈ آٹومیشن غلام نبی کمبو نے آٹومیشن پر مبنی اصلاحات کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی کلکٹر ریفارمز اینڈ آٹومیشن عبیر جاوید نے شرکا ء کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے طریقہ کار کی تفصیل بیان کی۔اے پی سی اے اے کے وائس چیئرمین قمر الاسلام نے اصلاحاتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کلیئرنس میں تاخیر کم کرنے اور تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

پاکستان سنگل ونڈو کے حکام سلمان چوہدری اور ارشد حسین نے تکنیکی پریزنٹیشنز کے ذریعے جی ڈی فائلنگ کے مرحلہ وار طریقہ کار کی وضاحت کی اور تاجروں و کسٹمز ایجنٹس کو درپیش عملی مسائل کے حل پیش کیے۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر آصف سخی نے فیڈریشن کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس نئے سسٹم کے حوالے سے فیڈریشن کی معاونت رہی ہے اور ہم پرامید ہیں اس نئی سہولت کی بدولت درآمدی کلیئرنس میں تیزی آئے گی۔