الغازی ٹریکٹرز لمیٹڈ اور گرین ایگری مال کے درمیان زرعی میکانائزیشن کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 11 فروری 2026 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2026ء) الغازی ٹریکٹرز لمیٹڈ، جو پاکستان کی صفِ اول کی ٹریکٹر بنانے والی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، پاکستان بھر میں کسانوں کو زرعی میکانائزیشن کے حل تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے گرین ایگری مال کے ساتھ ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ الغازی ٹریکٹرز کے لاہور آفس میں طے پایا۔

مفاہمتی یادداشت پر الغازی ٹریکٹرز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسین سیکر اور گرین ایگری مال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی سفیان ہمایوں نے دستخط کیے۔ اس تعاون کا مقصد نظام کو مضبوط بنانا، خدمات تک رسائی بہتر کرنا اور ملکی زرعی ویلیو چین میں پیداواری صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔یہ شراکت داری گرین ایگری مال کے رجسٹرڈ کسانوں کو جدید زرعی میکانائزیشن تک بہتر رسائی فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کے تحت الغازی ٹریکٹرز (AGTL) ، اصل اسپیئر پارٹس اور لبریکنٹس گرین ایگری مال کے مخصوص پلیٹ فارمز کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے مشترکہ طور پر کسانوں کے لیے عملی مظاہرے (ڈیمونسٹریشنز)، تربیتی پروگرامز اور آگاہی مہمات بھی منعقد کریں گے تاکہ جدید زرعی مشینری کے مؤثر استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔ اس تعاون کے تحت تربیتی سہولیات کو کسانوں کی تعلیم و تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

الغازی ٹریکٹرز لمیٹڈ کے سی ای او یاسین سیکر نے کہا:‘‘الغازی ٹریکٹرز میں ہمارا عزم صرف مشینری فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ ہم پاکستان کی وسیع تر زرعی ویلیو چین کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ ہم قابلِ اعتماد اور اعلیٰ کارکردگی کی حامل میکانائزیشن سہولیات تک رسائی بہتر بنا کر زرعی شعبے کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ گرین ایگری مال کے ساتھ ہمارا تعاون منظم کسان پلیٹ فارمز سے مؤثر رابطہ بڑھانے، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے اور زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

’’گرین ایگری مال کے سی ای او علی سفیان ہمایوں نے کہا:‘‘الغازی ٹریکٹرز لمیٹڈ کے ساتھ یہ اسٹریٹجک اشتراک کسانوں کو الغازی ٹریکٹرزکے اصل اسپیئر پارٹس اور لبریکنٹس تک ترجیحی رسائی فراہم کرے گا، جس کے ساتھ خصوصی طور پر بعد از فروخت سروس بھی شامل ہوگی۔ یہ تعاون زرعی میکانائزیشن کے فروغ اور پاکستان کے زرعی نظام میں خدمات کی بہتری کے لئے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جہاں مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو منظم کسان پلیٹ فارمز کے ساتھ ہم آہنگ کر کے معیار اور وسعت دونوں کو یقینی بنایا جاتا ہے۔’’یہ شراکت داری زرعی میکانائزیشن کے فروغ کو تیز کرنے، خدمات تک رسائی کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں پائیدار زرعی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مشترکہ وژن کی عکاس ہے۔