جی سی یونیورسٹی لاہور اور کوریا یونیورسٹی کے مابین معاہدہ

بدھ 11 فروری 2026 21:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2026ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور کوریا یونیورسٹی کے سنٹر برائے کوریائی زبان و ادب کے درمیان تدریس اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور کانفرنسز سمیت مختلف تعلیمی سرگرمیوں میں اشتراک کیا جائے گا۔

معاہدے پر کوریا یونیورسٹی کی جانب سے سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ہیونگ ڈے لی,جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی جانب سے رجسٹرار ڈاکٹر شوکت علی نے دستخط کیے۔دستاویز کے مطابق دونوں ادارے فیکلٹی، سٹاف اور محققین کے تبادلے، طلبہ اور وزٹنگ سکالرز کے ایکسچینج پروگرام، علمی مواد اور مطبوعات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تدریسی و تحقیقی منصوبوں، کانفرنسز اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد میں تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ یہ شراکت داری طلبہ اور اساتذہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی اور خصوصا زبان، ادب اور بین المضامین تحقیق کے میدان میں یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعلیمی روابط کو مضبوط بنائے گی۔ڈائریکٹر اکیڈمک پلاننگ اینڈ ایکسٹرنل لنکس ڈاکٹر فوزیہ شاہین نے بتایا کہ معاہدہ ابتدائی طور پر پانچ برس کے لیے مثر رہے گا اور بعد ازاں سالانہ بنیادوں پر خود بخود تجدید ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :