گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین سرگودھا میں فن فیئر کا انعقاد

جمعرات 12 فروری 2026 17:43

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2026ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگرکرنے کیلئے فن فیئر کا انعقاد کیا گیا۔ فن فیئرمیں طالبات نے ہاتھ سے تیار کردہ آرٹ ورک،پینٹنگز، دستکاری، فیشن آئٹمز اور دیگر تخلیقی کاموں کے اسٹالز لگائے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ کالج کی پرنسپل صفانہ شاہین نے فن فیئر کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے طالبات کی محنت اور تخلیقی سوچ کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل صفانہ شاہین نے کہا کہ ایسے تعلیمی اور تخلیقی پروگرام طالبات میں خود اعتمادی، عملی مہارتوں اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فن فیئرمیں اساتذہ، طالبات اورمعززمہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے طالبات کی کاوشوں کو خوب سراہتے ہوئے اس طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔ کالج انتظامیہ کے مطابق فن فیئر کا مقصد طالبات کو اپنی صلاحیتیں عملی طور پر پیش کرنے کاموقع فراہم کرنا تھاجس میں وہ کامیاب رہیں۔